محکمہ صحت کے بجٹ میں بھاری اضافہ کا امکان

   

وزارت فینانس کو 12 ہزار کروڑ کے مطالبات زر پیش کئے گئے
حیدرآباد۔18 فروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ بجٹ 2022-23 میں محکمہ صحت کیلئے بھاری اضافہ کی تیاری میں مصروف ہے ۔ توقع ہے کہ محکمہ صحت کا بجٹ 2022-23 میں 12 ہزار کروڑ تک کردیا جائے گا ۔ محکمہ سے محکمہ فینانس کو روانہ کئے گئے مطالبات زر کے مطابق حکومت سے خواہش کی ہے کہ طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کے ساتھ نئے دواخانوں کی تعمیر اور دیگر امور کی تکمیل کیلئے 12ہزار کروڑ روپئے منظور کئے جائیں۔بتایا جاتا ہیکہ عہدیداروں نے دونوں شہروں کے اطراف تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کی تعمیر کیلئے 4000 کروڑ کی تخصیص کا مشورہ دیا ہے جبکہ سرکاری دواخانوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ عصری آلات کیلئے 3000 ہزار کروڑ کی فراہمی کی خواہش کی گئی ۔حکومت تلنگانہ نے سال 2019-20 مالی سال کے دوران 6182 کروڑ فراہم کئے تھے جبکہ 2020-21 کے دوران محکمہ صحت کیلئے 5666 کروڑ روپئے مختص کئے تھے جاریہ سال 2021-22 میں حکومت سے 5868 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت کے اقدامات اورنئے سرکاری دواخانوں کی تعمیر کے علاوہ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو نظر میں رکھتے ہوئے یہ مطالبات زر تیار کئے گئے ہیں اور محکمہ کو یقین ہے کہ حکومت سے محکمہ صحت کے مطالبات زر میں کسی کمی کے بغیر بجٹ فراہم کیا جائیگا ۔ حکومت کی جانب سے کورونا وباء کے دوران دواخانوں کی صورتحال اور دواخانوں میں درکار سہولتوں کو بہتر بنانے متعدد اعلانات کئے گئے ہیں اور نئے دواخانوں کے قیام کے علاوہ ان کی تعمیرات کے سلسلہ میں اقدامات کا فیصلہ کیاگیا ہے اسی لئے توقع ہے کہ محکمہ صحت کے بجٹ میں دوگنا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔