محکمہ پولیس میں زائد از چار ہزار جائیدادیں مخلوعہ:دلباغ سنگھ

   

جموں: جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ پولیس کانسٹیبلوں کی بھرتی نہ ہونے کے باعث محکمے میں زائد از چار ہزار اسامیاں خالی پڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمے میں پولیس اہلکاروں کی جو کمی ہے اس کو ہر جگہ پر محسوس کیا جا رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کی ایجنسیاں یہاں پہلے جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن ان کی سازشوں کو ناکام بنایا جا رہا ہے ۔موصوف پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو ضلع کٹھوعہ کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر پولیس میں کافی لمبے عرصے سے بھرتی نہیں ہوئی پہلے پولیس محکمہ خود بھرتی کرتا تھا لیکن اب یہ کسی دوسرے محکمے کو سونپی گئی ہے اور جب سے سونپی گئی ہے تب سے بھرتی نہیں ہو پائی ہے ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمارے محکمے میں زائد از چار ہزار اسامیاں خالی ہوئی ہیں اور مجموعی طور پر جو پولیس اہلکاروں کی کمی ہے اس کو ہر جگہ پر محسوس کیا جا رہا ہے ۔سنگھ نے کہا کہ پاکستان اور اس کی ایجنسیوں کو یہاں کے امن اور خوشحالی سے تکلیف ہوتی ہے ۔