محکمہ پولیس میں ملازمت دلانے کا جھانسہ

   

نوجوانوں کو ٹھگنے والا فرضی پولیس عہدیدار گرفتار
حیدرآباد : /14 اپریل (سیاست نیوز) محکمہ پولیس میں ملازمت فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بیروزگار نوجوانوں کو ٹھگنے والے ایک فرضی پولیس عہدیدار کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس اے سرینواس راؤ نے بتایا کہ 44 سالہ کے سوملا نائیک ساکن اودئے نگر کالونی بنجارہ ہلز انٹرمیڈیٹ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد فوج میں سپاہی کی ملازمت کیلئے نامزد ہونے کے بعد 6 ماہ کی تربیت کے دوران وہ اچانک غائب ہوگیا ۔ 2004 ء میں آسام رائفلز میں بھی سپاہی کی حیثیت سے ملازمت حاصل کرنے کے بعد تربیت کے دوران صحت کی خرابی کے نتیجہ میں اس نے تربیت ترک کردی تھی ۔ بعد ازاں سوملا نائیک نے 2012ء سے کار ڈرائیور کی ملازمت حاصل کرتے ہوئے پولیس وردی پہن کر گھومنے لگا اور خود کو پولیس عہدیدار ظاہر کیا کرتا تھا ۔ کئی تقاریب اور عوامی جلسوں میں وہ خود کو سب انسپکٹر ظاہر کیا کرتا تھا اور بندوبست میں بھی شامل رہتا تھا ۔ مسلسل پولیس وردی پہننے پر اس کے آبائی مقام گھان پور میں عوام کو یقین ہوگیا تھا کہ وہ پولیس ملازم ہے ۔ عوام کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد سوملا نائیک نے بیروزگار نوجوانوں کو محکمہ پولیس میں مختلف جائیدادوں میں ملازمت فراہم کرنے کے بہانے مختلف افراد سے 11 لاکھ روپئے حاصل کئے جس میں بنجارہ ہلز سے تعلق رکھنے والے گوری شنکر سے بھی 2 لاکھ روپئے حاصل کئے تھے ۔ دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کی اطلاع پر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے مانصاحب ٹینک پولیس کی مدد سے مذکورہ دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے پولیس کی وردی ، جوتے اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔