محکمہ ڈاک کے سیونگ اکاؤنٹ سے کسی بھی بینک کے ساتھ لین دین اب آسان

   

جالندھر: محکمہ ڈاک نے عوام کی سہولت کے لیے ایک نئی سروس شروع کی ہے ۔ اس کے تحت محکمہ ڈاک کے سیونگ اکاؤنٹ سے اب کسی بھی بینک کے سیونگ اکاؤنٹ کے ساتھ آرٹی جی ایس اوراین ای ایف ٹی کے ذریعے لین دین کیا جا سکتا ہے ۔محکمہ ڈاک کی عوامی فلاحی اسکیموں کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ہیڈ پوسٹ آفس جالندھر شہر کے ڈاک پال بھیم سنگھ پنچال نے بتایا کہ اب محکمہ ڈاک نے عوام کی سہولت کے لیے ایک نئی سروس متعارف کرائی ہے ۔ اس کے تحت محکمہ ڈاک کے سیونگ اکاؤنٹ سے کسی بھی بینک کے سیونگ اکاؤنٹ کے ذریعہ آر ٹی جی ایس اور این ای ایف ٹی کے ذریعے لین دین کیا جا سکتا ہے ۔ اس کے لیے اکاؤنٹ ہولڈر کے لیے ای بینکنگ یا موبائل بینکنگ کی سہولت لینا لازمی ہے اور اس کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا نے آئی ایف ایس سی کوڈ محکمہ ڈاک کو الاٹ کیا ہے ۔مسٹر پنچال نے بتایا کہ فی الحال یہ سہولت ملک کے مختلف حصوں کے چار ڈویژنوں ممبئی، کولکتہ، چنئی اور دہلی کے مختلف پوسٹ آفسوں میں ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کی گئی ہے ۔ محکمہ ڈاک کے احکامات کے مطابق جلد ہی یہ سہولت ملک کے تمام ڈاک خانوں کے ٹرانزیکشن کاؤنٹرز پر شروع کر دی جائے گی۔