مخالفین کو دو دن جیل میں گزارنا چاہئے : سنجے راوت

   

ساورکر کو بھارت رتن کی تجویز …

ممبئی ۔ /18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا قائد سنجے راوت نے کہا کہ ہندوتوا نظریات کے حامل ویر ساورکر کو بھارت رتن ایوارڈ کی مخالفت کرنے والوں کو انڈومان کی سلیولر جیل میں دو دن گزارنے چاہئیے جو اس وقت کی نوآبادیاتی جیل تھی جہاں مجاہدین آزادی کو قید کیا جاتا تھا ۔ کانگریس پارٹی نے ویر ساورکر کو ملک کے اعلیٰ ترین سیولین ایوارڈ کی تجویز کی مخالفت کی ہے جو مہاراشٹرا میں شیوسینا کی زیرقیادت مخلوط حکومت کی شراکت دار ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ مخالفت کرنے والوں کو انڈومان کی جیل میں دو دن گزارنے چاہئیے تاکہ وہ یہ محسوس کرسکیں کہ ساور کر نے انگریزوں کے ظلم و ستم کے دور میں جیل کی کتنی صعوبتیں جھیلی ہیں ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ راہول گاندھی نے ڈسمبر 2019 ء میں ’’ ریپ اِن انڈیا‘‘ ریمارک پر معذرت خواہی سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میرا نام راہول گاندھی ہے ، راہول ساورکر نہیں ‘‘ راہول کے اس ریمارک پر نیا تنازعہ گھڑا ہوگیا تھا ۔ سنجے راوت کے آج کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے وزیر و یووا سینا کے سربراہ آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ہمیں ماضی کے اوراق الٹنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بلکہ ترقی پر توجہ دینا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا وکاس اگاڈی عوام کی توقعات کے مطابق کام کررہی ہے ۔ کانگریس اور شیوسینا مہاراشٹرا حکومت میں شراکت دار ہیں۔