مدحتِ رسول اکرم ﷺ

   

ڈاکٹر حسن الدین صدیقی

اِنَّ اللّٰهَ وَمَلَآئِكَـتَهٗ يُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِيِّ ۚ
يَآ اَيُّـهَا الَّـذِيْنَ اٰمَنُـوْا صَلُّوْا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوْا تَسْلِيْمًا o
(الاحزاب ۳۳، آیت ۵۶)
الحمدللّٰہ رب العالمین والصلوٰۃ والسلام علیٰ رسولہ الکریم سیدالمرسلین خاتم النبیین رحمۃ للعلمین سیدنا محمدؐ و اٰلہ واصحابہ اجمعین ۔
صد ہزار درود و سلام بحضور خیرالانام بہ روحِ پُرفتوح مقدس مطہر معنبر صاحب المعراج والمنبرساقیٔ حوضِ کوثر شفیعِ روز ِ محشر دُعائے ابراھیمؑ کے پیکر ، خیرالوریٰ ، بدرالدجیٰ ، نورالہدیٰ شمس الضحیٰ مولائے کل ختم الرُّسل مالکِ دنیا و دین خیرالمبین حاصلِ علم الیقین روحی فدا محمد مصطفی احمد مجتبیٰ صلی اﷲ علیہ وسلم ۔
زباں تابود در دہاں جائے گیر
ثنائے محمدؐ بود دلپذیر
(سعدیؒ)
حضورؐ کی ذاتِ برگزیدہ صفات باعثِ تخلیقِ کائنات لولاک لما خلقت الافلاک اصفیاء کے نزدیک شاہد و مشہود کے رشتے خود خالقِ مصطفیٰ کے شوقِ خودنمائی و خودبینی کا آئینہ ہے ۔
ملاحظہ ہو حدیثِ بالا کی ترجمانی شاہ بو علی قلندرؒ کی زبانی :
آفریدہ حق مرا از نورِ ذات
تاشناسم ذاتِ او، راز صفات
دید حُسنِ خویش باچشمِ شہود
خود تجلی کرد در مُلکِ وَجود
تشریح اُس کی یوں ہے کہ وہ نورِ ذاتِ باری تعالیٰ نورِ محمدیؐ میں جلوہ گر ہوا۔ اگر وہ نہ ہوتے یہاں کچھ نہ ہوتا ۔ نہ یہ زمین نہ یہ چاند نہ یہ سورج نہ کوئی کہکشاں نہ آسماں۔ یہ سب ایک دھنواں دھنواں سا رہتا ۔ ( ثُـمَّ اسْتَوٰٓى اِلَى السَّمَآءِ وَهِىَ دُخَانٌ۔حٰم السجدۃ ۴۱، آیت ۱۱) نہ کوئی انفس و آفاق ، نہ کوئی کائنات ، نہ اس کی کوئی حد ، نہ جہت نہ وقت ، نہ کسی کی صورت گری نہ پہچان ، نہ یہ زندگی کی رونق نہ کوئی علامت ، نہ ہوا نہ روشنی نہ پانی ، ایک بے کیف ماحول اور ایک گہرا سکوت ! ۔ بس ایک ہُو کا عالم ہوتا ۔ حضورؐ ہی کے ظہور نے اس ساری کائنات کو رونقِ حیات بخشی، دنیاسے دَنیٰ‌ سے لیکر خلقتِ افلاک تک ۔القصہ مختصر اُنؐ ہی سے عبد و معبود کی ایک پہچان بنی۔ ملاحظہ ہو یہ تصریح لَوْلاکَ لَما خَلَقْتُ الْأَفْلاکَ، لذتِ فقیری سے آشنا پادشاہِ مرحوم نواب میرعثمان علی خان کی ایک رباعی در مِدحتِ رسولِ اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم :
محمدؐ گر نبودے کَس نبودے
نہ بودے ہر دو عالم را وجودے
بہ لحظہ بہ ہر ساعت بہ ہر دَم
بخواں عثماںؔ بنامِ اؤ درودے