مدراس ہائی کورٹ میں او پنیرسیلوم کی انتخابی عرضی خارج کرنے کی درخواست منظور

   

چنئی، 27 نومبر (یو این آئی) مدراس ہائی کورٹ نے جمعہ کو ڈی ایم کے کے رکن اسمبلی اور تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلیٰ او پنیرسیلوم (او پی ایس) کی جانب سے دائر درخواست منظور کرلی، جس میں ان کے آبائی ضلع تھینی کے بودینائکنور اسمبلی حلقے سے انتخابی کامیابی کو چیلنج کرنے والی انتخابی عرضی خارج کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ یہ انتخابی مقابلہ اپریل میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں ہوا تھا۔ جسٹس پی بی بالاجی نے اپنے حکم میں پنیرسیلوم کی عرضی منظور کرتے ہوئے میلانی کی جانب سے ان کی انتخابی کامیابی کو چیلنج کرنے والی درخواست خارج کردی۔ اس سے قبل 30 اکتوبر کو بھی جسٹس بالاجی نے بودینائکنور کے ووٹر ٹی کنن کی جانب سے پنیرسیلوم کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے دائر ایک الگ انتخابی عرضی کو خارج کرنے کی ان کی درخواست منظور کرلی تھی۔ تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا انا دراوڑ منیترا کژگم (اے آئی اے ڈی ایم کے ) کے سابق کوآرڈینیٹر پنیرسیلوم نے بعد میں پارٹی چھوڑ کر ڈی ایم کے میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ انہوں نے اپنے آبائی حلقے بودینائکنور سے ڈی ایم کے کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا اور مسلسل چوتھی مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ وہ 2011، 2016 اور 2021 کے انتخابات میں اے آئی اے ڈی ایم کے کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے ، جبکہ 2026 کے انتخابات میں انہوں نے ڈی ایم کے کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔
او پی ایس نے 85,206 ووٹ حاصل کیے اور اپنے قریبی حریف ٹی وی کے امیدوار ایس پرکاش کو 6,805 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ پرکاش کو 78,401 ووٹ ملے تھے ۔
چنئی کے رہنے والے کنن اور میلانی، جنہوں نے انتخابات میں حصہ لیا تھا، نے الگ الگ انتخابی عرضیاں دائر کرتے ہوئے پنیرسیلوم کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی تھی۔ دوسری جانب پنیرسیلوم نے بھی اپنے خلاف دائر دونوں انتخابی عرضیوں کو خارج کرنے کے لیے درخواستیں داخل کی تھیں۔ ان کا موقف تھا کہ ان درخواستوں میں ایسے کوئی ٹھوس قانونی اسباب یا ثبوت پیش نہیں کیے گئے ہیں جن کی بنیاد پر باقاعدہ عدالتی سماعت کی ضرورت ہو۔
کنن کی جانب سے دائر انتخابی عرضی خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس بالاجی نے رکن اسمبلی کے اس موقف کو قبول کرلیا تھا کہ عرضی میں مکمل عدالتی کارروائی کی ضرورت ثابت کرنے کے لیے ضروری مواد اور شواہد موجود نہیں ہیں۔ چنانچہ عدالت نے اسے خارج کرنے کا حکم دیا تھا۔ جمعہ کو او پی ایس کی دوسری درخواست بھی منظور کرلی گئی اور میلانی کی جانب سے دائر انتخابی عرضی خارج کردی گئی۔