مدھیہ پردیش: شادی کے رقعہ پر سی اے اے کی تائید میں نعرہ

,

   

بھوپال: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک بھر میں شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔ شاہین باغ اور اس کے علاوہ ملک دیگر مقامات پر اس کے خلاف طویل احتجاج کیا جارہا ہے۔ دوسری طرف مودی حکومت کے اندھ بھکت اس سیاہ قانون کی تائید کرتے نظر آتے ہیں۔ ایک ایسا واقعہ مدھیہ پردیش کے شیو پوری ضلع میں سامنے آیا۔ یہاں پر ایک شخص نے اپنے شادی کے رقعہ پر اس متنازعہ قانون کی تائید کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم پی رگھوونشی جو شیو پوری موضع کے دیہردا گاؤں کا متوطن ہے۔ اس نے اپنی شادی کی رقعہ میں رقم کروایا کہ ”“WE SUPPORT NRC CAA,’’“ یعنی ”ہم سی اے اے کی تائید کرتے ہیں۔“ اس کے ساتھ ہی اس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر بھی چسپاں کروائی۔

رگھوونشی نے 350 کارڈس شائع کروائے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں جس کسی کو بھی یہ کارڈ دیتا ہوں تو وہ اس قانون کے تعلق سے مجھ سے بات کرنا شروع کردیتے ہیں۔ پتہ نہیں لوگ کیوں اس قانون کی مخالفت کررہے ہیں۔اس قانون کا مقصد پچھڑے طبقات کو فائدہ پہنچانا ہے۔“ان کی شادی 16 فروری کو طے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 80 فیصد لوگوں نے اس کو پسند کیا اور اس کی ستائش کی۔ انہوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ کانگریس نے اس قانون کو لے کر غلط بیانی کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بی جے پی کارکن ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ بہت جلد پرائم منسٹر آفس کو جائیں گے اور وزیر اعظم کو اپنی شادی کا دعوت نامہ پیش کریں گے۔