مدھیہ پردیش قومی شاہراہوں کی تعمیر کیلئے رقم منظور : نتن گڈکری

   

نئی دہلی: سڑک ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے مدھیہ پردیش میں مختلف قومی شاہراہوں کے منصوبوں کی تعمیر اور مضبوطی کے لیے 3549.48 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے ۔اپنے ایک پوسٹ میں مسٹر گڈکری نے کہاکہ ہائبرڈ اینوٹی موڈ کے تحت مدھیہ پردیش کے سیہور اور رائے سین اضلاع میں نیشنل ہائی وے -146 بی (شاہ گنج بائی پاس سے بڑی پیکج IV تک) کے 41 کلومیٹر طویل حصے کو چار لین کابنانے کے لیے 776.19 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔گڈکری نے کہا کہ مجوزہ پروجیکٹ کوریڈور کی بدولت جبل پور، بھوپال، بیتول اور اندور شہروں تک پہنچنے کے لیے سفر میں لگنے والے وقت میں کمی آئے گی اور یہ کوریڈور مختلف شہری نوڈس کو قومی شاہراہ (این ایچ) اور ریاستی شاہراہ (ایس ایچ)نیٹ ورکس اور شہر کی دیگر اہم سڑکوں سے جوڑ دے گا۔ قومی شاہراہوں اور ریاستی شاہراہوں پر ٹریفک کے لیے بائی پاسیز کی تعمیر سے شہروں میں تجارتی ٹریفک کی نقل و حرکت کو محدود کرکے حادثات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔