بھوپال :ڈاکٹر موہن یادو مدھیہ پردیش کے چیف منسٹرٰ عہدہ کا حلف لینے کے فوراً بعد کھلے میں گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم صادر کیا ہے ۔ اجین میونسپل کارپوریشن نے جمعہ کو گوشت کی کچھ دکانوں پر بلڈوزر چلا کر اسے منہدم کر دیا۔ ان دکانوں سے کچھ سامان بھی ضبط کیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو بھی شہر میں کچھ گوشت کی دکانوں پر کارروائی ہوئی تھی۔ کل دکانوں پر تالا لگانے کے بعد میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے اعلان کر کے سبھی کو کھلے میں گوشت نہ فروخت کرنے کاا نتباہ دیا تھا۔ حکومت کی ہدایت پر ہی شہر کے ناگ جھری علاقہ میں بغیر اجازت چل رہی گوشت کی دکانوں پر کارروائی کی گئی ہے۔ سرکاری افسر کے مطابق کھلے میں گوشت فروخت کرنے والی تقریباً 10 دکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور سڑک کنارے واقع کچھ دکانوں کو بھی منہدم کر دیا گیاہے۔اس معاملے میں سٹی پولیس نے بتایا کہ حکومت نے کھلے میں گوشت کی دکانیں نہ چلانے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس کیلئے شیشے یا کوئی شفاف شیٹ کا استعمال ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں گوشت کی دکانیں مذہبی مقامات سے 100 میٹر کی حد کے اندر نہیں ہونا چاہیے۔ اس حکم کو پیش نظر رکھتے ہوئے میونسپل کارپوریشن، پولیس ٹیم اور ضلع انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم عوام کے درمیان بیداری پھیلا رہی ہے۔ دکانداروں کو بھی اصولوں کے تئیں محتاط کیا جا رہا ہے۔ اوم پرکاش مشرا نے بتایا کہ جو بھی اصولوں پر عمل نہیں کرے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی نئی حکومت قائم ہونے کے بعد حکومت کے نئے احکامات کے تحت یہ کارروائی کی جارہی ہے جس سے گوشت کے دکانداروں میں خوف کا ماحول ہے ۔