مدھیہ پردیش میں کورونا پابندیوں میں 10دنوں کی توسیع

   

بھوپال: مدھیہ پردیش حکومت نے کورونا سے متعلق پابندیوں کی مدت 10 دن مزید بڑھا کر 20 اگست تک کر دی ہے ۔ ریاست کے محکمہ داخلہ کے چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیش راجورا نے آج اس سلسلے میں تمام کلیکٹروں کو خط بھیج دیا ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کورونا کیسز میں کمی کے پیش نظر محکمہ کی جانب سے پہلے جاری گائڈلائن میں لگائی گئی پابندی 10 اگست تک مافذ تھی ۔ اب ان کی صورتحال 10 دن مزید بڑھا دی گئی ہے ۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ 14 اور 19 جولائی کو جاری کی گئیں ہدایات کو حسب سابق رکھتے ہوئے پابندی جاری رہے گی۔ ان ہدایات میں اہم طور پر کہا گیا ہے کہ مذہبی مقامات پر زیادہ سے زیادہ 50 افراد یکجا ہو سکیں گے ۔ اس کے علاوہ تمام سماجی، سیاسی، کھیل، انٹرٹینمنٹ اور تہذیبی پروگرام جن میں عوام اکٹھا ہوتے ہوں’ پابندی رہے گی۔ تمام شہری علاقوں میں رات کا کرفیو 11 بجے سے صبح چھ بجے تک رہے گا۔ ان گائڈ لائنس میں کورونا روکنے سے متعلق دیگر منصوبوں کا بھی ذکر ہے ۔