1200 کروڑ روپئے کا چاول اسکام ۔ رائس ملز اور ایتھینال مافیا ملوث۔ کانگریس صدر کا الزام
نئی دہلی 11جولائی ( ایجنسیز ) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے آج بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے مدھیہ پردیش کو کرپشن اور لوٹ کا مرکز بنادیا ہے ۔ انہوں نے ریاست میں 1200 کروڑ روپئے کے چاول اسکام کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندرمودی سے سوال کیا کہ وہ ان الزامات پر خاموش کیوں ہیں ؟ ۔ کھرگے نے دعوی کیا کہ بی جے پی حکومت میں عوامی زندگی میںاحتساب ختم ہو کر رہ گیا ہے۔ مسٹر کھرگے نے سوشیل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش بی جے پی حکومت میں کرپشن اور لوٹ کا مرکز اور کرپشن کی علامت بن گیا ہے جہاں ایک کے بعد دوسرا اسکام منظر عام پر آ رہا ہے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ میڈیا رپورٹس میں الزام عائد کیا گیا کہ ایتھینال پلانٹس قائم کرنے کیلئے جو چاول رعایتی قیمتوں پر فراہم کئے گئے تھے وہ خانگی مل مالکین کو سربراہ کردئے گئے اور انہیں عوامی نظام تقسیم کے ذریعہ دوبارہ سرکاری وئیر ہاوز پہونچادیا گیا ۔ مدھیہ پردیش حکومت نے کروڑہا روپئے کے چاول کی تقسیم کے ریاکٹ کا پتہ چلانے کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے ۔ مسٹر کھرگے نے کہا کہ اب مدھیہ پردیش میں ایتھینال کے نام پر 1200 کروڑ روپئے کا چاول اسکام منظر عام پر آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو چاول تغذیہ کی کمی کا شکار بچوں ‘ حاملہ خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو فراہم کئے جانے تھے انہیں منافع کمانے کے کھیل میں استعمال کردیا گیا ۔ اس کرپشن گیم میں پانچ لاکھ میٹرک ٹن چاول کی ہیرا پھری ہوئی اور اس میں ملوں کے مالکین ‘ ایتھینال مافیا اور بی جے پی حکومت ملوث ہے۔