بھوپال : مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے آج الزام لگایا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت کے 18 برسوں میں معیشت خستہ حال ہوگئی ہے اور قرضوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے محترمہ شرینیت نے کہا کہ اس وقت ریاستی حکومت پر تقریباً 4 لاکھ کروڑ روپے کا قرض ہے ، جس کے بعد حکومت 20 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا سود ادا کرتی ہے ۔ ریاست کا فی کس قرض 40 ہزار روپے سے زیادہ ہے ۔ قرضوں میں ڈوبی ہوئی حکومت میں بھی کرپشن عروج پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ قرض کا براہ راست تعلق بے روزگاری سے ہے ۔ ریاست کے دو کروڑ نوجوانوں کے مستقبل کے بارے میں کوئی بات نہیں کر رہا ہے ۔ 40 لاکھ سے زیادہ بے روزگار ایمپلائمنٹ سنٹر پرجسٹرڈ تھے جن میں سے صرف 21 لوگوں کو نوکریاں ملی ہیں۔ نوکریاں نہ ملنے کی سب سے بڑی وجہ یہاں سرمایہ کاری کا نہ آنا ہے ۔