بھوپال، 11ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے تقریباً آدھے سے بھی زیادہ حصے کو ابھی اگلے چار پانچ دن تک شدید اور بہت شدید بارش سے کوئی راحت ملنے کی امید نہیں ہے ۔ مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی مدھیہ پردیش میں تو بارش کا اثر امیدکے مطابق کم ہے ،لیکن مغربی مدھیہ پردیش میں بارش کی شدت اور اثر بہت زیادہ ہے اور آئندہ چار پانچ دن تک موسم کا حال تقریباً ایسا ہی بنے رہنے کا امکان ہے۔ محکمے نے آج بھی ریاست کے 17اضلاع اندور، دھار، کھنڈوا، خرگون، علی راج پور، جھابوا، بڑوانی، برہان پور، اجین، رتلام، شاجا پور، دیواس، نیمچ، مندسور، ہوشنگ آباد، بیتول اور ہردا اضلاع میں کہیں کہیں شدید بارش ہونے کی وارننگ جاری کی ہے۔ وہیں 20 اضلاع بھوپال، رائے سین، راج گڑھ، ویدیشا، سیہور، گنا، اشوک نگر، انوپ پور، ڈنڈوری، امریا، شہ ڈول، ریوا، ساگر، سیونی، نرسنگھ پور، جبل پور، منڈلا، کٹنی، چھندواڑا اور بالا گھاٹ اضلاع میں شدید بارش ہونے کی وارننگ جاری کی ہے۔ ریاست کے تقریباً آدھے حصے کو گزشتہ چار دن سے شدید بارش سے کوئی راحت نہیں ملی ہے ۔