مدینہ منورہ میں آداب کو ملحوظ رکھنے کی تلقین

   

دوران حج سیل فون کا زیادہ استعمال نہ کرنے عازمین سے خواہش ، تربیتی اجتماع سے علماء کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( راست ) : مسجد بغدادی ٹیک نامپلی میں عازمین حج کے لیے تربیتی سمینار منعقد ہوا ۔ جلسہ کا آغاز حافظ سید عاصم نقشبندی امام و خطیب مسجد ہذا کی قرات سے ہوا ۔ جناب جاوید اور جناب شفیع قادری نے ہدیہ نعت پاک پیش کی ۔ صدارت مولانا سید قبول بادشاہ شطاری صدر مجلس علماء دکن نے کی ۔ مفتی سید ضیا الدین نقشبندی نے آداب زیارت روضہ اطہر و مدینہ منورہ بیان کئے ۔ مولانا نے حج کے مناسک بتلاتے ہوئے کہا کہ وقوف عرفہ حج کا اہم رکن ہے ۔ عرفہ میں خوب دعائیں کریں ۔ مولانا جمال الرحمن نے حج کے فضائل قرآن و حدیث کی روشنی میں بتلائے ۔ انہوں نے کہا کہ دوران حج گناہوں سے اجتناب کریں ۔ رجوع الی اللہ رہیں ۔ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے عازمین حج کو نصیحتیں کرتے ہوئے کہا کہ حج میں سیل فون کا زیادہ استعمال نہ کریں ۔ حج خالص اللہ کے لیے کریں ، اس میں ریاکاری دکھاوا نہ ہو ۔ جناب سید منیر الدین احمد مختار ، صدر تولیت کمیٹی مسجد ہذا نے سفر کے ضروری ہدایات اور معلومات عازمین کو بتلائے اور احرام باندھنے کا طریقہ بتلایا ۔ آخر میں صدر جلسہ مولانا سید قبول بادشاہ شطاری نے آداب مدینہ بتلا کر دعا فرمائی ۔ چیرمین اردو اکیڈیمی رحیم الدین انصاری نے عازمین کو زیارت مدینہ کی فضیلت بتلاتے ہوئے کہا کہ مدینہ منورہ میں ادب کو ملحوظ رکھیں ۔ آخر میں نائب صدر مجلس ہذا جناب عبدالروف غازی نے علماء کرام اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اراکین کمیٹی نے علماء کرام کی گلپوشی و شال پوشی کی ۔۔