مذاکرات میں امریکہ کی نیت آزمائیں گے: ایران

   

تہران : امریکہ سے شیڈول مذاکرات کے حوالے سے ایران کا ردِعمل سامنے آیا ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکہ کے ساتھ مذاکرات کو ایک حقیقی موقع دے رہے ہیں، ہفتہ کو ہونے والے مذاکرات میں امریکہ کی نیت اور عزم کا جائزہ لیں گے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کل عمان میں ہو رہے ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مذاکرات میں ایران کی نمائندگی ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور امریکہ کی نمائندگی امریکی صدر کے مندوب اسٹیو وٹکوف کریں گے۔ اس سے قبل رواں ہفتہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ہفتہ کو ایران کے ساتھ براہِ راست مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مذاکرات کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کیے بغیر یہ کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت میں معاہدہ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت انتہائی اعلیٰ سطح پر ہو گی، بات چیت کامیاب نہ رہی تو ایران بہت بڑے خطرہ میں گِھر جائے گا۔