مذہبی خبریں

   

اللہ سے تعلق اور محبت دنیا کی سب سے بہترین اور اعلیٰ ترین نعمت
قبل نماز جمعہ مولانا ڈاکٹر احسن بن محمد الحمومی کا خطاب
حیدرآباد، 31جولائی(راست) ۔ مولانا ڈاکٹر حافظ احسن بن محمد الحمومی القادری امام و خطیب شاہی مسجد باغ عام نے نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اللہ نے اپنی مخلوقات جمادات، نباتات، حیوانات کوانسان کی خدمت کے لیے پید ا کیا ہے۔مخلوقات میں سب سے کم تر مخلوق جمادات (پہاڑ، پتھر، مٹی، دھاتیں، پانی اور دیگر بے جان اشیاء ) ہیں۔اس کے بعد نباتات ( درخت، پودے، گھاس، پھول اور مختلف قسم کی فصلیں) ہیں۔حیوانات بھی انسانی زندگی کا لازمی حصہ ہیں۔ ان تمام مخلوقات کو اللہ نے انسان کا خادم بنا کر پیش کیا ہے۔ یہ تمام مخلوقات انسان پر فدا ہوتی ہیں۔اب سوال یہ ہے کہ آخر انسان کس پر فدا ہو۔ انسان کی حقیقی عزت، کامیابی اور سربلندی اس میں ہے کہ وہ اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کی محبت اور اطاعت کے لیے وقف کر دے۔انسان اللہ پر فدا ہو۔ جنت سے حضرت سیدنا آدمؑ کو دنیا میں بھیجنا کا کیا مقصد ہے؟ جنت میں تو کسی چیز کی کمی نہیں ہے۔بات یہ ہے کہ جنت میں مظاہر ِمحبت کی کمی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ نے حضرت آدمؑ کو دنیا میں بھیج کر اللہ سے محبت کرنا سکھایا ہے۔ اللہ کی محبت انسان کے دل کو سکون، اطمینان اور روحانی قوت عطا کرتی ہے۔ ایمان والوں کا مقصد ہی یہ ہے کہ وہ اللہ کی محبت میں فنا ہو جائے۔ اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتا ہے کہ ’’اور جو لوگ ایمان لائے ہیں، وہ اللہ سے سب سے بڑھ کر محبت کرتے ہیں۔‘‘ ایک سچے مومن کی محبت کا مرکز اللہ تعالیٰ کی ذات ہوتی ہے۔ وہ ہر چیز سے بڑھ کر اللہ سے محبت کرتا ہے اور اسی کی اطاعت اور رضا کو اپنی زندگی کا مقصد بناتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کی پیدائش سے پہلے ہی اس کے رزق، عمر، اعمال اور دیگر تقدیری امور کو اپنے علم اور حکمت کے مطابق لکھ دیا ہے۔ تاہم اللہ تعالیٰ کی محبت ایسی نعمت ہے جو انسان کو اپنے اختیار اور کوشش سے حاصل کرنی ہوتی ہے۔مولانا ڈاکٹر حافظ احسن الحمومی نے کہا کہ یاد رکھیے! مادی طاقت، اسلحہ اور دولت سے تو وقتی برتری حاصل ہوسکتا ہے، لیکن ایمان اور اللہ پر کامل بھروسہ وہ قوت ہے؛ جو کمزور کو بھی مضبوط بنا دیتی ہے۔ مسلمان کی اصل طاقت اس کا تعلق باللہ اور اس کی ثابت قدمی ہے۔ جب تک یہ محبت دلوں میں زندہ رہے گی، امت ہر آزمائش کا مقابلہ کرنے کی ہمت پاتی رہے گی، اور اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اس کے ساتھ رہے گی۔ حافظ احسن بن محمد الحمومی نے کہا ہے کہ مسلمان اللہ تعالیٰ کی محبت کے بغیر حقیقی معنوں میں زندہ نہیں رہ سکتے، کیونکہ ایمان کی روح ہی محبت ِ الٰہی ہے۔ جب دل اللہ کی محبت سے بھر جاتا ہے تو مشکلات آسان محسوس ہوتی ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ اہلِ ایمان نے اللہ کی رضا کے لیے اپنا مال، جان، گھر، وطن اور ہر محبوب چیز قربان کر دی، مگر اپنے ایمان کا سودا نہیں کیا۔