مذہبی مقامات، تعلیمی اداروں کے 500 میٹر کے دائرے میں شراب کی فروخت پر پابندی: چیف منسٹر ٹاملناڈو

   

چینائی ۔ 12؍مئی ( ایجنسیز)ٹاملناڈو کے نومنتخب وزیر اعلیٰ تھلاپتی وجے نے اہم فیصلہ لیا ہے۔ انہوں مذہبی مقامات، تعلیمی اداروں اور بس اڈوں کے 500 میٹر کے دائرے میں واقع 717 ’ٹی اے ایس ایم اے سی‘ شراب کی دکانوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ سرکاری حکم میں کہا گیا ہے کہ اگلے 2 ہفتوں کے اندر اس پر عمل درآمد ہو جانا چاہیے۔ واضح رہے کہ ٹاملناڈو میں شراب کی دکانوں کا معاملہ ہمیشہ سے زیر بحث رہا ہے۔ وہاں کی عوام کافی دنوں سے مطالبہ کر رہی تھی کہ اسکول،کالج اور مذہبی مقامات کے پاس موجود شراب کی دکانوں کو بند کر دیا جائے، لیکن ان سے ہونے والی آمدنی کو لے کر حکومتیں اس کے متعلق کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھا پاتی تھیں حالانکہ ہر سیاسی پارٹی خواہ وہ ڈی ایم کے ہو یا اے آئی اے ڈی ایم کے سب نے ٹاملناڈو میں شراب بندی کا وعدہ اپنے انتخابی منشور میں کیا تھا لیکن اس پر ٹھوس قدم نہیں اٹھائے جا سکے۔2023 میں ایم کے اسٹالن کی حکومت نے شراب سے اموات کے بعد 500 سرکاری شراب کی دکانوں کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ٹاملناڈو میں 5000 سے زائد شراب کی دکانیں ہیں، جن سے تقریباً 40 ہزار کروڑ کا ریونیو ہے۔