بھوپال: مدھیہ پردیش کے بھوپال کے ہنومان گنج تھانہ علاقے میں ایک مذہبی مقام پر مورتی کی توڑ پھوڑ کے معاملے میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ہنومان گنج علاقے میں ایک مذہبی مقام پر مورتی کی توڑ پھوڑ کے معاملے میں ملزم کو کل رات حمیدیہ روڈ پر واقع ایک نائٹ شیلٹر سے گرفتار کیا گیا۔ اس کی شناخت بھورا ٹھاکر ساکن شیو نگر کے طور پر کی گئی ہے ۔ ملزم نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ مورتی کو حادثاتی طور پر نقصان پہنچا۔ پولیس کیس درج کرنے کے بعد تحقیقات کر رہی ہے ۔دراصل کل صبح ہنومان گنج تھانہ علاقہ میں ایک مذہبی مقام پر مورتی کو نقصان پہنچانے کا معاملہ سامنے آیا۔ اس کے بعد کچھ تنظیموں نے اس کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ تاہم، پولیس کی جانب سے نامعلوم ملزم کے خلاف جلد کارروائی کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے معاملہ رفع دفع کرایا گیا۔