مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں پر بھروسہ نہ کریں : کے ٹی آر

   

گریٹر حیدرآباد کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کو دیکھ کر سکندرآباد سے پدماراؤ گوڑ کو کامیاب بنائیے

حیدرآباد ۔ 4 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے مذہب کے نام پر ووٹ مانگنے والوں کو مسترد کردینے کی عوام سے اپیل کی۔ سیکولرازم کے استحکام اور تلنگانہ کے مفادات کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی بی آر ایس پارٹی کو کامیاب بنانے پر زور دیا۔ کے ٹی آر نے آج شام حلقہ اسمبلی سکندرآباد کنٹونمنٹ کے بالم رائے اور انانگر میں بی آر ایس کے امیدوار پدماراؤ گوڑ کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مودی 10 سال تک وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہے۔ تلنگانہ کی ترقی میں کوئی تعاون نہیں کیا۔ جی کشن ریڈی 5 سال مرکزی وزیر رہے۔ انہوں نے اپنے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ اپنی کارکردگی کا رپورٹ کارڈ لے کر عوام کے درمیان پہنچتے ہوئے اس کی بنیاد پر ووٹ طلب کرنے کے بجائے مذہب کے نام پر ووٹ مانگتے ہوئے اصل موضوعات سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی پانچ ماہی کارکردگی مایوس کن ہے۔ عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ چیف منسٹر جس علاقہ میں بھی انتخابی مہم چلارہے ہیں وہاں کے مقامی مندر کی قسم کھاتے ہوئے کسانوں کے 2 لاکھ تک قرض معاف کرنے کا وعدہ کررہے ہیں۔2
حکومت تشکیل دینے کے 100 دن میں 6 گیارنٹی پر عمل کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے ان سے انحراف کرنے والے ریونت ریڈی پر 15 اگست تک کسانوں کے 2 لاکھ روپئے قرض معاف کرنے کے وعدے پر کیسے بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔