ممبئی۔ کارکنوں اور پولیس نے بتایا کہ جمعرات کو علی الصبح جالنہ کے ایک شخص نے باندرہ کرلاکمپلیکس کے فلائی اوور سے خود کو پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ ایک کارکن نے بتایا کہ اس شخص کی شناخت سنیل بابو راؤکاولے (35 سالہ) کے طور پر ہوئی ہے، جو جالنہ کے امباڈ گاؤں سے ہے، اس جگہ کے قریب جہاں کمیونٹی کے نئے آئیکن منوج جارنگے پاٹل بھی رہنے والے ہیں۔ وہاں پہنچی ایک پولیس ٹیم نے اس کے سامان سے ایک موبائل، اور ایک مبینہ خودکشی نوٹ برآمد کیا جس میں اس نے اپنی زندگی ختم کرنے کے فیصلے پر سب سے معافی مانگی ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق کاولے منگل کی دیر رات چھترپتی سمبھاجی نگرکے راستے جالنہ سے یہاں پہنچا اور کل رات وہ باندرہ مشرق میں فلائی اوور پر واقع ایک مقام پرخود کو پھانسی لگا لی۔ مراٹھا کرانتی مورچہ کے کنوینر وریندر پوار اور ونود پاٹل نے کاولے کی موت پر غم کا اظہارکیا ہے اورکمیونٹی کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مایوس نہ ہوں اور تحفظات کی لڑائی کو آدھے راستے پر چھوڑ کر خودکشی جیسے انتہائی اقدام کا سہارا نہ لیں۔