مراٹھواڑہ میں بے موسم بارش کی وجہ سے پانچ افراد کی موت

   

چھترپتی سمبھاجی نگر : مہاراشٹرا کے مراٹھواڑہ خطے کے متعدد اضلاع میں گزشتہ دو دنوں سے بے موسم بارش کے ساتھ ژالہ باری کی وجہ سے پانچ لوگوں کی موت ہو گئی اور سینکڑوں ہیکٹر جوار، مکئی، باجرہ کی فصلوں اور باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ضلع بیڈ میں بارش سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ مراٹھواڑہ میں 84 چھوٹے اور بڑے جانور مر گئے اور 356 مکانات منہدم گئے ۔ مراٹھواڑہ میں 201 گاؤں کے 4,301 کسان ژالہ باری سے متاثر ہوئے۔ ضلع بیڈ میں 1021 ہیکٹر، ضلع ناندیڑ میں 749 ہیکٹر، دھاراشیو میں 307 ہیکٹر، ہنگولی میں 297 ہیکٹر، چھترپتی سمبھاجی نگر میں 164 ہیکٹر، جالنا میں 134 ہیکٹر، پربھنی میں 50 ہیکٹر سے زیادہ رقبہ پر فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ ضلع بیڈ میں مینا شندے (35) نامی خاتون کی موت ہوگئی۔ گنگا کھیڑ تعلقہ کے ایلیگاؤں میں ایک کسان بابو راؤ شیلکے (55)، سون پیٹھ تعلقہ کے بھونچا ٹانڈہ میں ہری بائی سورنار، چھترپتی سمبھاج نگر کے پیتھن تعلقہ میں ایک کسان اور سلوڈ تعلقہ کے اندانگاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔