پرتاپ گڑھ: معروف عالمی شہرت یافتہ شاعر منور رانا کی رحلت سے اردو دنیا کو جو خسارہ ہوا ،اس کی تلافی ناممکن ہے ۔یوں تو اس دنیا سے جانا سبھی کو ہے ،مگر کچھ جانے والے ایسے ہوتے ہیں جن کا گزر جانا صدیوں کا درد غم دے جاتا ہے ۔پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے معروف شاعر منور رانا کی رحلت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوبصورت لب و لہجہ کے شاعر تھے ۔ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ منور رانا نے اردو ادب و شاعری کو نئی جہت عطا کی ۔ان کے اشعار دلوں کو چھو لیتے ہیں ،انہوں نے ماں پر جتنے بھی اشعار کہے ، اس کی مثال اور کہیں نہیں ملتی ۔منور رانا کی شاعری میں حقیقی ہندوستان کی تصویر ، اور ان کی شاعری میں تہذیبی کشمکش کی ایک داستان بکھری ہوئی نظر آتی ہے ،ان جیسا شاعر صدیوں میں پیدا ہوتا ہے ،ان کا معاصرین کے ساتھ روحانی رشتہ تھا ۔معاصرین کو ان کی موت سے بے حد صدمہ پہونچا ہے ۔ان کی شاعری سے عصر حاضر کے شعرا و ادباء نے فیض حاصل کیا ۔
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مرحوم کی مغفرت و پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔