نئی دہلی، 15 اپریل (یو این آئی) مردم شماری 2027 کے پہلے مرحلے کے تحت مکانوں کی فہرست سازی اور مکانوں کی گنتی (ایچ ایل او) کا کام جمعرات 16 اپریل سے آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں شروع ہو رہا ہے ۔وزارت داخلہ کی ایک ریلیز کے مطابق انڈمان اور نکوبار جزائر، گوا، کرناٹک، لکشدیپ، میزورم، اڈیشہ اور سکم کے ساتھ ساتھ قومی دارالحکومت کے علاقے کی نئی دہلی میونسپل کونسل اور دہلی کینٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں ایچ ایل او مہم کل سے شروع ہو رہی ہے ۔ ان علاقوں میں 15 روزہ سیلف اینومریشن (خود شماری) کی مدت ختم ہونے کے بعد مکانوں کی فہرست سازی اور مکانوں کی گنتی شروع کی جا رہی ہے ۔ یہ کام 30 دنوں کی مدت تک چلے گا اور 15 مئی کو مکمل ہوگا۔ جس کے دوران تربیت یافتہ ڈیٹا اکٹھا کرنے والے اہلکار گھر گھر جا کر اعداد و شمار جمع کریں گے ۔ان علاقوں میں مردم شماری میں پہلی بار شروع کی گئی سیلف اینومریشن کی سہولت کو عوام سے بھرپور تعاون ملا ہے ۔ مردم شماری 2027 کیلئے اپنائی گئی ڈیجیٹل فرسٹ پہل کے تحت اب تک تقریباً 12 لاکھ خاندانوں نے سرکاری پورٹل (se.census.gov.in) کے ذریعے اپنی خود شماری کامیابی سے مکمل کی ہے ۔ H/I