مردہ قرار دیئے گئے شخص کی 33 برس بعد گھر واپسی

   

الور : راجستھان میں مردہ قرار دیا گیا شخص 33 برس بعد صحیح سلامت اپنے گھر پہنچ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 75 سالہ ہنومان سائنی نئی دلی میں کام کرتا تھا اور وہ 33 سال قبل 1989 میں اچانک لاپتہ ہو گیا تھا، جب کافی عرصہ تک ہنومان سائنی گھر واپس نہ لوٹا تو اس کے گھر والوں نے اسے مردہ سمجھتے ہوئے اس کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی بنوا لیا۔گزشتہ برس ہنومان سائنی کے گھر والوں نے اس کی واپسی کی تمام امیدیں ختم سمجھتے ہوئے اس کی آخری رسومات بھی ادا کر دی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 مئی 2023 کو جب ہنومان سائنی اچانک راجستھان کے ضلع الور میں واقع اپنے گھر پہنچا تو سب حیران رہ گئے اور پورے گاں والوں نے اس کا پرتپاک استقبال کیا۔تین دہائیوں سے بھی زیادہ عرصہ بعد گھر واپس لوٹنے والے شخص کا کہنا ہے کہ اس نے 33 سال ہماچل پردیش کے کنگرا ماتا مندر میں دیوتاؤں کی خدمت کرنے میں گزارے۔ اس سارے عرصہ کے دوران ہنومان سائنی کے پانچوں بچوں جس میں تین بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں سب کی شادیاں بھی ہو گئیں۔