کلکتہ: مرشدآباد میں گزشتہ جمعہ کو وقف قوانین کے خلاف احتجاج میں دو ہرے قتل کا ایک واقعے پیش آیا تھا ۔اس قتل کے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ ریاستی پولیس کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل (جنوبی بنگال) سپرتیم سرکار نے بتایا کہ گرفتار شدگان کو بیربھوم اور مرشدآباد سے حراست میں لیا گیا ہے ۔ ریاستی پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (لا اینڈ آرڈر) جاوید شمیم نے پیر کو ہی بتایا تھا کہ دوہرے قتل کے واقعے کی تحقیقات شروع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ ملزمان کو کسی بھی طرح رعایت نہیں دی جائے گی۔ جاوید کی وارننگ کے ایک دن بعد ہی پولیس نے دو افراد کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے ۔ سپرتیم نے کہاکہ رات بھر آپریشن کیا گیا۔ ایک شخص کو بیربھوم سے پکڑا گیا۔ جب کہ دوسرے کو مرشدآباد سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ مرشدآباد میں بدامنی کے واقعات کے سلسلے میں گرفتاریاں جاری ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق علاقے کے سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر دو افراد کے دوہرے قتل میں ملوث ہونے کی اطلاع ملی تھی۔