مرکزکوپرانی پنشن اسکیم لاگو کرنا چاہئے :گہلوت

   

جے پور : راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ ملازمین کے مفاد میں مرکزی حکومت کو پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) کو لاگو کرنا چاہئے ۔ گہلوت اتوار کو آر اے ایس کلب میں راجستھان انتظامی، پولیس اور اکاؤنٹس سروس کے افسران کے مشترکہ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے سنہ 2022-23 کے بجٹ میں پرانی پنشن اسکیم کو لاگو کرنے کا فیصلہ انسانی ہمدردی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے ۔اپنی زندگی کے 30-35 سال حکومت کو دینے والے سرکاری افسروں اورملازمین کو اپنے بڑھاپے کی کوئی فکر نہ رہے اورسماجی تحفظ ملے ، یہ سوچ کرہم نے او پی سی کو ریاست میں لاگو کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ حکومت نے پرانی پنشن لاگو کر دی ہے ۔ اس کے علاوہ چار پانچ ریاستی حکومتوں نے این پی ایس کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ۔ مرکزی حکومت کو ملازمین کے مفاد میں پرانی پنشن اسکیم کولاگوکرنا چاہیے ۔