مرکزی حکومت کی پارلیمنٹ میں دیا بیان: جموں و کشمیر کو صحیح وقت پر ریاستی درجہ دیاجائے گا

   

نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے بدھ کو پارلیمنٹ میں کہا کہ جموں و کشمیر کو صحیح وقت پر ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ وویک تنکھا کے سوال کے جواب میں یہ تحریری جانکاری دی۔ تنکھا نے پوچھا تھا کہ کیا جموں و کشمیر اور لداخ کو ریاست کا درجہ دینے کا کوئی منصوبہ ہے؟ تنکھا نے یہ بھی پوچھا تھا کہ ان دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں انتخابات کب ہوں گے؟۔اکتوبر کے مہینے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سری نگر میں کہا تھا کہ حد بندی اور پھر انتخابات کے بعد جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دیا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے کہا تھا کہ حکومت نے حد بندی کے حوالے سے اپنے وعدے کو توڑا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر حد بندی کمیشن کی مدت 6 مارچ کے بعد نہیں بڑھائی جائے گی۔عبداللہ نے یہ بھی کہا تھا کہ مرکزی حکومت پہلے ریاست کا درجہ واپس کرے اور پھر انتخابات کرائے۔ پچھلے مہینے کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے ریاست کی حیثیت کو ختم کرنے پر کہا تھا کہ یہ ایک ایسا قدم ہے جیسے ایک وزیر اعلی کو ایم ایل اے بنانے کی اجازت دینا ہے