مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ آج سدی پیٹ کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے

   

وزیراعظم نریندر مودی کا 30 اپریل ، 3 اور 4 مئی کو تلنگانہ کا دورہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کی قومی قیادت تلنگانہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے علاوہ دیگر مرکزی وزراء اور بی جے پی کے قومی قائدین تلنگانہ کا دورہ کررہے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 25 اپریل کو دوپہر 12 بجے سدی پیٹ میں منعقد ہونے والے بی جے پی کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ حلقہ لوک سبھا میدک کے بی جے پی امیدوار رگھونندن راؤ کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے پہونچ رہے ہیں ۔ مرکزی وزیر تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں 10 تا 12 لوک سبھا حلقوں میں کامیابی حاصل کرے گی ۔ ریاست میں بی آر ایس کا کھیل ختم ہوگیا ہے ۔ وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے کانگریس پارٹی عوامی اعتماد سے محروم ہوگئی ہے ۔ ریاست میں بی جے پی پارٹی ، کانگریس اور بی آر ایس کا متبادل بن کر ابھر رہی ہے ۔ تمام سروے بی جے پی کے حق میں ہے ۔ وزیراعظم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پہلے بھی تلنگانہ میں انتخابی مہم چلا چکے ہیں ۔ کل یعنی 25 اپریل کو سدی پیٹ میں منعقد ہونے والے بی جے پی کے جلسہ عام سے امیت شاہ خطاب کریں گے ۔ جلسہ عام کے انتظامات مکمل ہوگئے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی بھی تلنگانہ میں بی جے پی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ شیڈول کو قطعیت دے دی گئی ہے ۔ 30 اپریل کو وزیراعظم حیدرآباد کا دورہ کریں گے ۔ اس کے علاوہ 3 اور 4 مئی کو بھی وہ ریاست کے دورے پر پہونچیں گے اور بی جے پی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ وزیراعظم مودی 30 اپریل کو حیدرآباد میں مختلف شعبوں کی اہم شخصیتوں سے ملاقات کریں گے ۔ 3 مئی کو ورنگل ، 4 کو نارائن پیٹ اور چیوڑلہ کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ مختلف مرکزی وزراء نے بی جے پی امیدواروں کے پرچہ نامزدگیوں کے ادخال میں شامل رہتے ہوئے جلسوں سے خطاب کیا ۔ بی جے پی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ہے ۔۔2