مرکزی کمیونٹی کچن کے قیام کیلئے مارکٹ کمیٹی کے گودام کا معائنہ

   

نظام آباد۔ 7 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی کمیونٹی کچن کے قیام کے لیے سرکاری مشیر پی سدرشن ریڈی اور کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے نویپیٹ منڈل میں واقع مارکیٹ کمیٹی کے گودام کا عہدیداروں کے ہمراہ معائنہ کیا۔ یہ مرکزی کچن تلنگانہ حکومت اور ہرے کرشنا موومنٹ چیریٹیبل فاؤنڈیشن کے اشتراک سے قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعہ سرکاری اسکولوں اور جونیئر کالجوں کے تقریباً 70 ہزار طلبہ و طالبات کو روزانہ معیاری اور غذائیت سے بھرپور ناشتہ فراہم کیا جائے گا۔ معائنہ کے دوران گودام کی عمارت کو مرکزی کچن کے قیام کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔ اس موقع پر پی سدرشن ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کا مقصد سرکاری اسکولوں کو مستحکم کرتے ہوئے طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ضروری بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ صبح بھوکے پیٹ کلاس رومس میں نہ پہنچیں اور انہیں صحت بخش و غذائیت سے بھرپور ناشتہ دستیاب ہو، اسی مقصد کے تحت چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اسکول بریک فاسٹ پروگرام متعارف کرایا ہے۔ اس موقع پر ریاستی اردو اکیڈیمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان، ریاستی زرعی کمیشن کے رکن گڈگو گنگادھر، ایڈیشنل کلکٹر بھوجنگ راؤ، آر ڈی او راجندر کمار، ڈی آر ڈی او ساینا، ٹرانسکو ایس ای راجیشور، آر ڈبلیو ایس ای ای راکیش، سابق ایم ایل سی آرکل نرساریڈی، ریاستی تاڈی ٹاپر کوآپریٹیو سوسائٹی کے صدر شیکھر گوڑ، نظام آباد مارکیٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین نگیس ریڈی، تحصیلدار وینکٹ رمنا اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔