مرکز اور ریاست سے بہتر تال میل کے ذریعہ تلنگانہ کی ترقی پر توجہ

   

گورنر رادھا کرشنن کا عہد،غیر جانبداری اولین ترجیح، ہر آواز کی سماعت
حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے نئے گورنر سی پی رادھا کرشنن نے حلف برداری کے بعد تلنگانہ عوام سے اظہار تشکرکیا۔ گورنر نے اس بات کا عہد کیا کہ راج بھون مرکزی اور ریاستی حکومت کے درمیان بہتر تال میل کی روایات کو برقرار رکھے گا۔ انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں، عہدیداروں اور سیول سوسائٹی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ عوام کی خواہشات اور امیدوں اور ان کی ضروریات کی تکمیل کو ترجیح دیں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ راج بھون میں ہر ایک کی آواز کی سماعت ہوگی اور ہر مسئلہ کا حل تلاش کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متحدہ طور پر جمہوریت، انصاف کے اصولوں کے ساتھ ترقی کے سفر کو جاری رکھیں۔ گورنر نے تلنگانہ عوام کیلئے علحدہ پیام جاری کیا جس میں انہوں نے تلنگانہ گورنر کی ذمہ داری کی قبولیت کو ایک اعزاز قرار دیا اور کہا کہ وہ ایک عظیم ریاست کے گورنر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے تئیں اپنی ذمہ داریوں میں وہ سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے نئی ذمہ داری دیئے جانے پر صدر جمہوریہ اور مرکزی حکومت کے ذمہ داروں سے اظہار تشکرکیا۔ گورنر نے کہا کہ تلنگانہ ایک عظیم تاریخ ، تہذیب کی حامل ہے اور مستحکم معیشت ریاست کا حصہ ہے۔ ریاست نے زراعت، انفارمیشن ٹکنالوجی اور صحت کے شعبہ میں کافی ترقی اور اہم رول ادا کیا ہے۔ ریاست میں کئی فلاحی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے جس سے لاکھوں افراد فائدہ اٹھارہے ہیں۔ تلنگانہ میں قدرتی وسائل کی کمی نہیں ہے اور زرعی شعبہ نے کافی ترقی کی ہے۔ گورنر نے کہا کہ وہ غیرجانبدارانہ بے باک اور پوری یکسوئی کے ساتھ کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ اپنے فرائض کی تکمیل میں جمہوری روایات کی پاسداری کریں گے۔ گورنر نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب اگرچہ بعض پابندیاں عائد ہیں لیکن ہمیں عوام کی خدمت کے جذبہ کو فراموش نہیں کرنا چاہیئے۔ گورنر نے کہا کہ وہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کے علاوہ تمام سیاسی پارٹیوں، عہدیداروں اور سیول سوسائٹی کے اشتراک سے عوامی مسائل کی یکسوئی کریں گے۔ انہوں نے تلنگانہ عوام سے اپیل کی کہ بہتر مستقبل کیلئے متحدہ طور پر کام کریں۔1