نرملا سیتا رامن کو ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ کا مکتوب
حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی اسپانسرڈ اسکیم کے تحت تلنگانہ کو 495 کروڑ کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ یہ رقم 2014-15 میں مرکز نے غلطی سے آندھرا پردیش کے کھاتہ میں جمع کردی تھی۔ ہریش راؤ نے نرملا سیتارامن سے کہا کہ آندھرا پردیش کو جاری کردہ رقم دراصل تلنگانہ کی ہے لہذا یہ رقم فوری جاری کی جائے۔ اس بارے میں ہریش راؤ سابق میں بھی نرملا سیتا رامن کو مکتوب روانہ کرچکے ہیں لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ہریش راؤ نے اپنے مکتوب میں کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد پہلے سال 2014-15 میں مرکزی حکومت کے فنڈز آبادی کے اعتبار سے دونوں ریاستوں میں جاری کئے جارہے ہیں لیکن مرکزی اسپانسرڈ اسکیم کے تحت رقم غلطی سے آندھرا پردیش کا اکاؤنٹ میں جاری کردی گئی جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کا بھاری نقصان ہوا ہے۔ مرکزی وزیر فینانس، آندھرا پردیش حکومت اور اکاؤنٹنٹ جنرل کو اس بات سے واقف کرایا جاچکا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کم از کم 495 کروڑ تلنگانہ کو جاری کئے جائیں جو آندھرا پردیش کے پاس موجود ہیں۔ نرملا سیتا رامن سے درخواست کی گئی کہ وہ اس معاملہ میں شخصی دلچسپی لیتے ہوئے تلنگانہ کے ساتھ انصاف کریں۔ر