مرکز سے واپس افرادسے اپنے طور پر جانچ کرانے کی خواہش

   

بودھن میں عہدیداروں کے اجلاس سے رکن اسمبلی شکیل عامر کا خطاب
بودھن۔/3اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر نے کہا کہ دنیا میں جب کبھی کوئی نئی وباء و بیماری کا وجود ہوتا ہے تو سائنسداں اس بیماری کو ایک نیا نام دیتے ہیں لیکن بی جے پی حکومت کو سائنسدانوں کا تجویز کردہ نام COVID-19 پسند نہیں ہے۔ بی جے پی کے قائدین نے کوویڈ 19 کا نام تبدیل کرکے اس کا نیا نام مسلم مرض تجویز کردیا۔ شکیل عامر نے کہا کہ بی جے پی کے قائدین کی طرف سے کورونا وائرس کے نام کو تبدیل کردینے پر ساری دنیا کے سامنے بی جے پی کا اصل فرقہ پرست چہرہ آگیا ہے۔رکن اسمبلی بودھن نے یہاں منعقدہ اجلاس میں بی جے پی قائدین کے گمراہ کن بیانات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ سہ روزہ اجتماع کا آغاز13 مارچ کو حضرت نظام الدین مرکز دہلی میں ہوا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 21 مارچ سے اچانک سارے ملک میں بغیر کوئی منصوبہ بندی کے لاک ڈاون کا اعلان کردیا جس کی وجہ سے بیرون ملک سے آئے ہوئے مہمانوں کو ہی نہیں بلکہ ملک کے کروڑہا غریب افراد کو یہ اچانک لاک ڈاؤن نے مشکلات میں ڈال دیا۔ شکیل عامر نے کہا کہ دہلی مرکز کے دورہ سے واپس لوٹنے والے افراد سے رضاکارانہ طور پر دواخانہ پہنچ کر اپنی صحت کی جانچ کروانے کی خواہش کی ۔ بودھن کے مقامی بیوپاریوں کو کورونا وائرس کے تعلق سے بیداری لانے منعقدہ اس اجلاس میں گوپی رام آر ڈی او بودھن و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔