مرکز پر شمالی ہند اور جنوبی ہند کیلئے دو علحدہ پالیسیوں پر عمل کرنے کا الزام : ہریش راؤ

   

چیف منسٹر برقی اصلاحات کے مخالف ، حصول قرض کے تناسب اور ایف سی آئی کے فنڈز میں کٹوتی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی کے زیر قیادت مرکزی حکومت کو پھر ایک مرتبہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مرکزی حکومت شمالی ہند کی ریاستوں کے لیے الگ پالیسی اور جنوبی کے لیے الگ پالیسی پر عمل کرنے کا الزام عائد کیا ۔ آج ضلع سدی پیٹ کے حسن آباد شہر میں 1.71 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ ڈیویژنل انجینئر آفس عمارت ، الیکٹرسٹی ریونیو آفس کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ پہلے حسن آباد کے عوام کو برقی مسائل کی یکسوئی کے لیے سدی پیٹ یا کریم نگر جانا پڑتا تھا ۔ اب ان مسائل کی یکسوئی ہوگئی ہے ۔ حسن آباد کے لیے 220/132 کے وی سب اسٹیشن کو منظور کیا گیا ہے ۔ 50 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کئے جانے والے سب اسٹیشن کو 31 مارچ تک مکمل کردینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پیش کردہ بجٹ میں ایف سی آئی کو 40 ہزار کروڑ روپئے کی کٹوتی کردی گئی ہے ۔ مستقبل میں دھان کی خریدی میں بھی کٹوتی کی جائے گی ۔ ساتھ ہی کسانوں کو فراہم کی جانے والی سبسیڈیز میں بھی کمی کردی گئی ہے ۔ شمالی ہند میں یوریا اور ڈی اے پی زیادہ استعمال ہوتا ہے ۔ جنوبی ہند میں کامپلکس کھاد کا زیادہ استعمال ہوتا ہے ۔ شمالی ہند میں اترپردیش انتخابات کے پیش نظر یوریا اور ڈی اے پی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا مگر جنوبی ہند میں زیادہ استعمال ہونے والے کامپلکس کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ ریاستوں کو جی ایس ڈی پی کی بنیاد پر 4 فیصد قرض حاصل کرنے کی گنجائش تھی اس کو گھٹا کر 3.5 فیصد کردیا گیا مزید آدھے فیصد قرض کے لیے برقی اصلاحات لانے پر زور دیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر برقی اصلاحات کے لیے تیار نہیں ہیں ۔ ایسا کرنے پر ریاست کو مرکز سے پانچ ہزار کروڑ روپئے حاصل ہوں گے ۔ مگر چیف منسٹر اس کو ٹھکرا رہے ہیں ۔ اگر اصلاحات کیے گئے تو زرعی باولیوں کو برقی میٹر لگانا ضروری ہوجائے گا ۔ تلنگانہ حکومت برقی سبسیڈی پر سالانہ 12 ہزار کرور روپئے خرچ کررہی ہے ۔ کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کررہی ہے ۔ پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے اور سبسیڈی گھٹا دینے پر بھی مرکز کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔۔ ن