مرکز کے واجب الادا بقایہ جات فوری جاری کرنے وزیر اعظم سے نمائندگی

,

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر ملو بٹی وکرامارکا کی نریندر مودی سے ملاقات۔ ریاست کی معاشی صورتحال سے واقف کروایا

حیدرآباد 26 ڈسمبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ریاست میں تشکیل حکومت کے بعد ریونت ریڈی نے پہلی مرتبہ وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران انہیں ریاست کی معاشی صورتحال اور مرکزی حکومت سے وصول طلب بقایا جات کے متعلق واقف کرواتے ہوئے مختلف اسکیمات کے تحت اداشدنی رقومات کی فوری ادائیگی کیلئے نمائندگی کی۔چیف منسٹر و ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے وزیر اعظم مودی کو 20 نکات پر مشتمل یادداشت پیش کرتے ہوئے ان مسائل کو حل کرنے کی اپیل کی ۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ کی صورتحال میں نئے پراجکٹس کے علاوہ دیگر حل طلب مسائل کے متعلق واقف کروایا۔بتایا جاتا ہے کہ اے ریونت ریڈی نے وزیر اعظم سے ملاقات میں ریاستی معاشی حالت کو بہتر بنانے فوری اداشدنی رقومات کی اجرائی عمل میں لانے پر زور دیا ہے ۔انہوں نے ریاست کو وصول طلب رقومات جو کہ مختلف اسکیمات کے تحت جاری کی جانی ہیں ان کی تفصیلات بھی پیش کی اور کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے اداشدنی بقایا جات کی اجرائی سے تلنگانہ کی مالی حالت کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اور وزیر اعظم کے درمیان ہوئی بات چیت کے متعلق ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سے خواہش کی گئی کہ وہ تقسیم آندھرا پردیش بل میں کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں اور بیارم اسٹیل پلانٹ کے متعلق بھی وزیر اعظم کی توجہ مبذول کروائی گئی۔ مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے بتایا کہ قاضی پیٹ کوچ فیکٹری کے متعلق بھی وزیر اعظم کو یاددہانی کروائی گئی اور رنگاریڈی میں آئی ٹی آئی آر کے قیام کے متعلق توجہ دہانی کروائی گئی۔ چیف منسٹر و ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ وزیر اعظم مودی سے ریاست کے مفادات کے تحفظ کی خواہش کی گئی اور انہیں واقف کروایا گیا کہ سابقہ حکومت نے تلنگانہ کو مقروض بنادیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے حکومت تلنگانہ اور تلنگانہ عوام کے مفادات کے تحفظ کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ملک کی دیگر ریاستوں کو جس طرح سے فائدہ پہنچایا جا رہاہے اسی طرح تلنگانہ کو بھی فائدہ پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر بھٹی وکرمارک نے بتایا کہ ریاست کو وصول طلب بقایا جات کی اجرائی کیلئے بھی وزیراعظم نے مثبت ردعمل ظاہر کیا ۔ انہو ں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے جاری کئے گئے وائٹ پیپر کی تفصیلات سے وزیر اعظم کو واقف کروایا گیا اور انہیں سابق حکومت کی بدعنوانیوں اور ریاست کو قرض کے بوجھ تلے دبانے والی حکمت عملی سے بھی واقف کروایا۔ ریونت ریڈی اور ملو بھٹی وکرمارک کو چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر بننے پر وزیر اعظم نے مبارکباد پیش کی۔ تلنگانہ قائدین نے وزیر اعظم سے خواہش کی کہ وہ ریاست کے پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے خصوصی فنڈس کی اجرائی کے احکام کے ساتھ پالمور ۔رنگاریڈی پراجکٹ کو قومی پراجکٹ دینے کو منظوری دیں تاکہ اس کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔دونوں نے وزیر اعظم سے خواہش کی کہ وہ ملک کے فیڈرل نظام کو نقصان پہنچائے بغیر تلنگانہ کے مفادات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ریاست کی ترقی میں رکاوٹیں دور ہونے لگیں۔3