نئی دہلی : دہلی کے دوارکا میں ایک خانگی ہاسپٹل کی چھت سے مبینہ طور پر چھلانگ لگانے کے بعد ایک مریض کی موت ہوگئی۔. پولیس نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق مریض (63) دہلی ہائی کورٹ کا ایک ریٹائرڈ ملازم تھا جو ذہنی تناؤ سے متعلق پریشانیوں میں مبتلا تھا۔ وہ موہن گارڈن کے علاقے کے ایک خانگی ہاسپٹل میں زیر علاج تھے۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کی رات 8 بجے کے قریب پیش آیا جب مریض ہسپتال کی چوتھی منزل کی چھت پر چڑھ گیا اور پھر نیچے کود گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شخص کو ہسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ لے جایا گیا، جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ موقع سے کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا۔ پولیس نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔