بی آر ایس کی فلاحی اسکیمات کیلئے عوام میں زبردست جوش و خروش
حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) مری راج شیکھر ریڈی بی آر ایس پارٹی کے حلقہ اسمبلی ملکاجگیری کے امیدوار نے علاقہ مولا علی اور اس کے اطراف و اکناف میں بی آر ایس پارٹی کو تائید حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایم راج شیکھر ریڈی نے ایک بیان میں کہا کہ بی آر ایس پارٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی اسکیمات کے نتیجہ میں اقلیتی عوام میں حکومت پر مکمل طور پر بھروسہ کا اظہار کیا ہے۔ راج شیکھر ریڈی نے کہا کہ اب تک کی انتخابی مہم سے انہیں یہ پتہ چلا ہے کہ اقلیتوں میں بی آر ایس کی تائید کیلئے زبردست جوش و خروش دیکھا جارہا ہے اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔ بی آر ایس کے امیدوار نے کہا کہ حلقہ اسمبلی ملکاجگری کے عوام بالخصوص اقلیتوں کی خدمت کیلئے وقف ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں اقلیتوں کیلئے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں اور ان کے حلقہ ملکاجگیری میں اس تعلق سے عوام میں مثبت ردعمل دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جہاں پر انتخابی مہم کیلئے پہنچ رہے ہیں ان کا شاندار استقبال کیا جارہا ہے اور عوام بی آر ایس حکومت پر مکمل بھروسہ ظاہر کررہے ہیں۔