اقوام متحدہ :اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندہ ڑانگ جون نے مقبوضہ فلسطین میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطین اسرائیل تنازعہ کے دو ریاستی حل کے لیے جامع اور ٹھوس اقدامات کرے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز مسئلہ فلسطین سمیت مشرق وسطی کی صورتحال پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران کہا کہ اسرائیلی بستیوں کی آبادی کاری میں مسلسل توسیع فلسطینی زمین اور قدرتی وسائل پر قبضہ ہے اور اس نے فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کو مجروح کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ا?بادکاری میں توسیع کا اقدام دو ریاستی حل کے حصول کے امکانات کو بہت مشکل بنا رہا ہے اس لیے ہم اسرائیل پر زور دیتے ہیں کہ وہ قرارداد 2334 کی خلاف ورزی بند کرے، آباد کاری کی تمام سرگرمیاں بند کرے اور دو ریاستی حل کی بنیاد کو مزید کمزور کرنا بند کرے۔