مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی عدالت سے رجوع کرنے پاکستان کا فیصلہ

   

اسلام آباد ۔ 20 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی جانب سے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی تنسیخ کے چند ہفتوں بعد پاکستان نے منگل کو کہا کہ مسئلہ کشمیر پر وہ بہت جلد بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) سے رجوع ہوگا۔ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے شاذ و نادر ہی منعقد ہونے والے بند کمرہ اجلاس کے چند دن بعد پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اگرچہ 15 رکنی بااثر سلامتی کونسل کا یہ اجلاس اسی نتیجہ اور باضابطہ اعلان کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا جسے پاکستان کو زبردست دھکا لگا تھا لیکن اس کے ہر موسم میں ساتھ دینے والے سدا بہار حلیف چین نے اس مسئلہ کو پوری شدت کے ساتھ بین ا لاقوامی بنانے کی کوشش کی تھی۔ سلامتی کونسل کی ارکان کی اکثریت نے کشمیر کو نئی دہلی اور اسلام آباد کے مابین ایک باہمی مسئلہ قرار دیا تھا ۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کیلئے ایک اصولی فیصلہ کیا گیا ہے‘‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ فیصلہ تمام قانونی پہلوؤں پر غور و خوض کے بعد کیا گیا‘‘۔