مسئلہ کے حل تک تلنگانہ کے وزراء دہلی سے واپس نہ آئیں: ریونت ریڈی

   

بی جے پی اور ٹی آر ایس کی ملی بھگت، 27 ڈسمبر کو کسانوں کا رچہ بنڈہ پروگرام
حیدرآباد۔24۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر تلنگانہ حکومت مرکز سے جدوجہد میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء کو مسئلہ کی یکسوئی تک دہلی میں قیام کرنا چاہئے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے دہلی میں قیام کرنے والے وزراء کو چاہئے کہ مسئلہ کے حل تک حیدرآباد واپس نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں ریاستی وزراء تفریح کر رہے ہیں اور انہیں کسانوں کے مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کسان دھان کی عدم خریدی کے سبب مشکلات سے دوچار ہیں اور کئی کسانوں نے خودکشی کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور کے سی آر کسانوںکی زندگی سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ملی بھگت کے ذریعہ ایک دوسرے کی مخالفت کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ حیدرآباد میں بی جے پی کا مقابلہ کرنے کی بات کر رہے ہیں جبکہ ریاستی وزراء دہلی میں مسئلہ کو حل کرنے کے خواہاں ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ دہلی میں مرکزی وزراء تلنگانہ کے وزراء سے ملاقات کیلئے تیار نہیں ۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ ایک ہفتہ کے دوران کیا نتیجہ برآمد ہوا ۔ مرکز تحریری طور پر تیقن سے انکار کر رہا ہے ۔ ایسے میں تلنگانہ حکومت اپنا موقف واضح کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کے ساتھ ہے اور 27 ڈسمبر کو کسانوں کے حق میں ایرا ولی میں رچہ بنڈہ پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔ کسانوں کو اس پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکت کرنی چاہئے۔ ر