مستقبل کی فلسطینی ریاست کو غیر فوجی بنایا جا سکتا ہے: عبدالفتاح السیسی

   

قاہرہ : مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے جمعہ کو کہا ہے کہ مستقبل کی فلسطینی ریاست کو غیر فوجی بنایا جا سکتا ہے اور اس کے لیے بین الاقوامی سیکیورٹی کی عارضی موجودگی اسے اور اسرائیل دونوں کو ضمانت فراہم کر سکتی ہے۔ السیسی نے ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز اور بیلجیم کے وزیر اعظم الیگژینڈر ڈی کرو کے ساتھ قاہرہ میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم کہتے ہیں کہ ہم اس ریاست کو غیر فوجی بنانے کے لیے تیار ہیں اور ہم اس وقت تک وہاں مسلح افواج کی موجودگی کی ضمانت دے سکتے ہیں جب تک کہ ہم اسرائیل اور فلسطینی ریاست کے لیے سلامتی حاصل نہیں کر لیتے۔ ان افواج میں نیٹو ، اقوام متحدہ ، عرب یا امریکی افواج شامل ہو سکتی ہیں۔ السیسی نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کوئی ایسا سیاسی حل فی الوقت دستیاب نہیں ہے جس کے تحت 4 جون 1967 کی سرحدوں پر مبنی ایک فلسطینی ریاست تشکیل دی جا سکے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔ عرب ممالک نے ان تجاویز کو مسترد کر دیا ہے کہ اسرائیل کے موجودہ فوجی آپریشن کے خاتمہ کے بعد ایک عرب فورس غزہ کی پٹی میں سکیورٹی فراہم کرے۔ اسرائیل کی یہ کارروائی غزہ پر کنٹرول رکھنے والے فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے خلاف 2007 سے جاری ہے۔