مسجدِ اقصیٰ پر اسرائیل حملوں کے خلاف عالمی ردعمل

   

اسرائیل سکیورٹی فورسز کے پُر تشدد مناظر دہشت انگیز ہیں: انتونیو گٹرس
اقوام متحدہ : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر حملے میں اسرائیل سکیورٹی فورسز کے پُر تشدد مناظر دہشت انگیز ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہودیوں، عیسائیوں اور مسلمانوں کے لئے ان مقدس دنوں میں عبادت گاہوں کو صرف پُرامن عبادتوں کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے ۔اقوام متحدہ سیکرٹری دفتر کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے معمول کی پریس کانفرنس میں مسجدِ اقصیٰ پر حملے کے بارے میں کہا ہے کہ “اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے قبلہ مسجد پر اسرائیل سکیورٹی فورسز کے پُر تشدد مناظر کو دہشت انگیز قرار دیا ہے “۔انہوں نے کہا ہے کہ ” یہودیوں، عیسائیوں اور مسلمانوں کے لئے ان مقدس دنوں میں تشدد کی نہیں امن کی ضرورت ہے اور ان دنوں میں عبادت گاہوں کو بھی صرف پُرامن عبادتوں کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے “۔کویت، لبنان، مراکش، تیونس، متحدہ عرب امارات، لیبیا، سوڈان اور الجزائر نے بھی اسرائیلی فورسز کے مسجد اقصیٰ پر حملے کی مذمت کی ہے ۔

مسجد اقصٰی پر حملہ : اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسرائیل کیخلاف قرارداد منظور
نیویارک : اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے مسجد اقصٰی پر اسرائیلی حملے کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظورکرلی جبکہ یورپی یونین نے بھی اسرائیلی حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے مسجد اقصٰی پر اسرائیلی حملے کیخلاف او آئی سی کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظورکر لی۔پاکستان نے اسرائیل کے مسجد اقصٰی پر حملے کے بعد او آئی سی کی قرارداد پیش کی ، قرارداد کے حق میں اڑتیس اور مخالفت میں چار ووٹ پڑے جبکہ پانچ ملکوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔دوسری جانب یورپی یونین نے مسجد اقصٰی پر اسرائیلی حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔یاد رہے گذشتہ روز صیہونی فوج نے مسجدِ اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کر کے اسے میدان جنگ بنادیا تھا،اسرائیلی فوجی دندناتے ہوئے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور عبادت میں مصروف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ تین سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے ترجمان کا کہنا تھا مسجد اقصیٰ پرحملہ سُرخ لکیرعبورکرنے کی کوشش ہے ، ایسا کرکے صیہونی فوج خانہ جنگی کودعوت دے رہی ہے جبکہ پاکستان ، سعودی عرب ، مصر اور اردن نے مسجد اقصی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا۔