مسجد الحرام کے تاریخی سنگِ مرمر کے کتبے عوامی توجہ کا مرکز

   

ریاض۔ 22 جون (ایجنسیز) مکہ مکرمہ میں منعقدہ ایک خصوصی نمائش میں انیسویں صدی کے چھ تاریخی سنگِ مرمر کے کتبے (ماربل ٹائلز) نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں، جو کبھی مسجد الحرام کے برآمدوں اور راہداریوں کی زینت ہوا کرتے تھے۔یہ سنگِ مرمر کے کتبے 1881ء (1299 ہجری) کے ہیں اور ان پر نہایت نفیس عربی خطاطی اور اعلیٰ درجے کی فنکارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ان پر اللہ تعالیٰ کے اسمِ مبارک، حضرت محمد ﷺ کا نامِ اقدس، اور خلفائے راشدین میں سے حضرت ابوبکر صدیق، حضرت عمر بن خطاب، حضرت عثمان بن عفان اور حضرت علی بن ابی طالب کے اسمائے گرامی کندہ ہیں۔دو مقدس مساجد کی تعمیراتی تاریخ کی نمائش میں ان تاریخی کتبوں کو مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ سے متعلق دیگر نادر تاریخی نوادرات کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ نوادرات ماضی میں مسجد الحرام کی راہداریوں کی آرائش کا حصہ تھے اور بعد ازاں انہیں تاریخی ورثے کے تحفظ کے تحت نہایت احتیاط سے محفوظ کر لیا گیا۔ایس پی اے کے مطابق اس نمائش کو اسلامی فنِ تعمیر اور تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے محققین، ماہرین اور زائرین کی بڑی تعداد دیکھنے کے لیے آرہی ہے۔نمائش میں دو مقدس مساجد کی تاریخ سے متعلق نایاب اور اصل مخطوطات، قدیم تعمیراتی عناصر اور دیگر تاریخی اشیا بھی رکھی گئی ہیں، جو اسلامی تہذیب اور فنِ تعمیر کے ارتقا کی جھلک پیش کرتی ہیں۔1,200 مربع میٹر پر محیط یہ نمائش زائرین کو عہدِ نبوی ﷺ سے لے کر مختلف اسلامی ادوار اور موجودہ سعودی دور تک مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کی تعمیر، توسیع اور ترقی کے مختلف مراحل سے روشناس کرواتی ہے۔ نمائش میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ وقت کے ساتھ حجاج کرام اور عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں مقدس مساجد میں کس طرح مسلسل تعمیرِ نو اور توسیعی منصوبے مکمل کیے گئے۔ رواں سال حج کے دوران عازمینِ حج کی تعداد 17 لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی۔ تاریخی سنگِ مرمرکے ان کتبوں کا محفوظ رکھا جانا اس امرکی عکاسی کرتا ہے کہ سعودی حکام اسلامی تاریخی ورثے کے تحفظ کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں ۔