مسجد حج ہاوز میں ائیر کنڈیشن اور قالین کی تبدیلی

   

متعدد شکایتوں کے بعد چیرمین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی کے اقدامات
حیدرآباد۔25۔مارچ(سیاست نیوز) حج ہاؤز میں واقع مسجد میں موجود ائیر کنڈیشن اور قالین کی تشکیل تلنگانہ کے بعد پہلی مرتبہ تبدیلی عمل میں لائی گئی ہے۔ حج ہاؤز کی مسجد میں ماہ رمضان المبارک کے دوران خصوصی انتظامات کے سلسلہ میں دی گئی ہدایات کے بعد انجام دی گئی کاروائیوں کے دوران مسجد کے تین منزلوں پر نئے ائیر کنڈیشن اورنچلی منزل پر قالین بچھانے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور ہر منزل پر واٹر ڈسپنسر کی تنصیب کے ذریعہ حج ہاؤز پہنچنے والوں کو پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنی شروع کردی گئی ہے۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل مسجد کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال سے آگہی حاصل کرتے ہوئے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت دی تھی۔ صدرنشین وقف بورڈ کی جانب سے دی گئی ہدایت کے بعد حج ہاؤز کی تینوں منزلوں پر مسجد کے حصہ میں جملہ 15 ائیر کنڈیشن نصب کئے گئے ہیں۔ حج ہاؤز کی مسجد کی تعمیر کے بعد جب یہاں ائیر کنڈیشن نصب کئے گئے تھے اس کے بعد سے اب تک ان ائیرکنڈیشن کی تبدیلی کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے تھے اور تشکیل تلنگانہ کے بعد سے مسجد کے حصوں میں موجود ان ائیر کنڈیشن کی عدم کارکردگی کے سلسلہ میں متعدد شکایات کے باوجود انہیں تبدیل کرنے کے اقدامات نہیں کئے گئے ۔ تلنگانہ میں حکومت کی تبدیلی کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے تمام کارپوریشن و بورڈس کے علاوہ اداروں کے صدورنشین کی تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ کانگریس قائدین کو نامزدگیاں فراہم کرتے ہوئے انہیں اس بات کی ہدایت دی تھی کہ وہ ان اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے اقدامات کریں اور گذشتہ 10 برسوں کے دوران جو کام انجام نہیں دیئے گئے انہیں مکمل کریں۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر کی جانب سے دی گئی ہدایات کے بعد وقف بورڈ آزادانہ طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج ہاؤز کی مسجد میں کئی برسوں سے غیر کارکرد ائیر کنڈیشن برائے نام لگے ہوئے تھے اور حج ہاؤز پہنچنے والوں کے لئے پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے واٹر ڈسپنسر کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے اور ماہ رمضان المبارک کے دوران مسجد میں افطار کے لئے روزہ داروں کے لئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔3