مسجد نبویؐ میں نماز کے لئے عام افراد پر ہنوز پابندی

,

   

مدینہ۔29 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) مسجد نبویﷺ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ اور فرض نمازوں کے لیے مسجد نبویﷺ میں عام نمازیوں پر پابندی تھی، ہے اورہنوز برقرار رہے گی۔ اگلی ہدایات تک عام نمازیوں پر پابندی جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق مسجد نبویﷺ کی انتطامیہ نے یہ وضاحت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان اطلاعات کی تردید میں جاری کی ہے جن میں دعوی کیا جارہا تھا کہ سعودی حکومت نے مسجد نبویﷺ کے دروازے عام نمازیوں اور زائرین کے لیے کھول دیے ہیں۔یاد رہے کہ سعودی حکومت نے 26 مئی کو اعلان کیا تھا کہ مملکت کی تمام مساجد جمعہ اور فرض نمازوں کے لیے اتوار 31مئی سے کھول دی جائیں گی لیکن اس سلسلے میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ مدینہ منورہ کا تذکرہ نہیں کیا گیا تھا کیونکہ اسلامی دنیا کی یہ دونوں مقدس مساجد جمعہ اور فرض نمازوں کے لیے مسلسل کھلی ہوئی ہیں۔یہاں عام نمازیوں کی آمد پر پابندی ہے اور دونوں مساجد کا عملہ اورسیکیورٹی فورس کے عہدیدار ان میں نمازیں ادا کررہے ہیں۔بعض لوگوں نے سعودی حکومت کی جانب سے مملکت کی تمام مساجد کے کھولنے جانے کے فیصلے مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ پر بھی لاگو کردیا تھا جس کا کوئی جواز نہیں کیونکہ یہ دونوں مساجد عام نمازیوں کے داخلے پر پابندی کے ساتھ جمعہ اور فرض نمازوں کے لیے کبھی بند نہیں ہوئیں۔