مسجد نبویؐ کی چھت نمازیوں کیلئے کھول دی گئی

,

   

جمعہ 16 جمادی الاول کو آغاز ۔ فجر ، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کی جاسکیں گی

مدینہ منورہ : مسجد نبویؐ کی چھت آج جمعہ یکم ؍ جنوری مطابق 16 جمادی الاول سے نمازیوں کیلئے کھول دی گئی ہے۔ عرب میڈیا نے بتایا کہ اب فجر، مغرب اور عشاء کی نمازیں مسجد نبویؐ کی چھت پر بھی ادا کی جاسکیں گی۔ یہ فیصلہ مسجد نبویؐ کو آنے والے مصلیوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ کوروناوائرس سے بچنے کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ انتظامیہ مسجد نبویؐ کے ترجمان جمان العصیری نے کہا کہ مسجد نبویؐ میں آنے والے مصلیان احتیاطی تدابیر کے تحت چھوٹے بچوں کو اپنے ہمراہ نہ لائیں (تفصیل اندرونی صفحہ پر)۔ تعلیمی اداروں کو موسم سرما کی تعطیلات کے سبب بڑی تعداد میں سلطنت سعودی عرب کے دیگر شہروں سے زائرین اور معتمرین مدینہ منورہ آرہے ہیں جن کی سہولت کیلئے موجودہ حالات کو ملحوظ رکھ کر جامع انتظامات کئے جارہے ہیں۔ روضہ اطہرؐ پر حاضری کیلئے آنے والوں کو تاکید کی جارہی ہیکہ وہ قواعد و ضوابط کا خیال رکھے اور ایپ کے ذریعہ پیشگی وقت حاصل کرلیں تاکہ وہاں پہنچ کر انہیں کوئی مشکل نہ ہو۔ ترجمان نے کہا کہ ناگزیر حالات میں جن بچوں کو مدینہ منورہ آنے والے لوگ اپنے ساتھ لائیں انہیں تلقین کی جارہی ہیکہ وہ اپنے بچوں کو ہجوم سے دور رکھیں اور ماسک کا استعمال لازمی طور پر کریں۔ مسجد نبویؐ میں آتے اور وہاں سے جاتے وقت سماجی فاصلہ کا خصوصی خیال رکھیں۔ سال 2020ء میں کوروناوائرس کے باعث حکومت سعودی عرب نے حج اور عمرہ کیلئے عازمین کی تعداد محدود کردی تھی بعدازاں عمرہ کی اجازت پہلے سعودی عرب میں مقامی اور بیرونی افراد کی محدود تعداد کود ی گئی جس کے بعد اس میں مرحلہ وار توسیع کی گئی۔