مسلم، اقلیتوں کے خانگی دواخانے حکومت کی اسکیمس سے فائدہ اٹھائیں: جناب عامر علی خاں

   

حیدرآباد ۔ 16 اگست (کے این واصف) مسلم اور اقلیتوں کے زیر انتظام قائم خانگی دواخانے حکومت کی جانب سے دی جانے والی مالی سہولتوں کی اسکیمات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے دواخانوں میں عوام کے لئے جدید ترین طبی سہولتوں دستیاب کرائیں۔ یہ بات ایم ایل سی و نیوز ایڈیٹر روز نامہ سیاست جناب عامر علی خاں نے کہی۔ وہ یوم آزادی ہند کے سلسلہ میں ’’ویسٹرن ملٹی اسپشیالٹی اسپتال‘‘ واقع لکڑی کا پل میں منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک تھے۔ جناب عامر علی خاں نے مزید کہا کہ مسلم طبی ادارے محکمہ صحت سے مسلسل رابطہ میں رہتے ہوئے حکومت کی پیش کردہ سہولتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے دواخانوں میں بڑے کارپوریٹ ہاسپٹلز کی طرح کی سہولتیں فراہم کرتے ہوئے شعبہ طب کو اپنی اعلی صلاحیتیں پیش کرسکتے ہیں۔ جناب عامر علی خاں نے نیورو سرجن ڈاکٹر جی ایم فیصل اور انتصار علوی کے ہمراہ ویسٹرن ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کے تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا اور اسپتال دستیاب طبی سہولتوں پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جناب عامر علی خاں نے اس بات پر بھی زور دیا کے ہمارے نوجوانون، شعبہ طب میں درکار Technicians کی تربیت حاصل کریں۔ اسپتالوں میں ان کی شدید ضرورت ہے۔ تربیت یافتہ نوجوان نہ صرف مقامی اسپتالوں میں بلکہ خلیجی ممالک میں بھی ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔ معائنہ کے دوران ڈاکٹر جی ایم فیصل، نیروسرجن کنسلٹنٹ نے جناب عامر علی خاں کو بتایا کہ ویسٹرن ہاسپٹل سے منسلک تمام ڈاکٹرز اپنے پروفیشن کو انسانی خدمت تصور کرتے ہیں۔ یہاں مریضوں کے نہ غیر ضروری طبی ٹسٹ کروائے جاتے ہیں نہ بلا ضرورت اسپتال میں شریک رکھا جاتاہے۔ ہاسپٹل کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ سو بستروں والے اس دواخانے میں شعبہ طب کی اسپیشالٹیز کے سارے ڈپارمنٹس موجود ہیں۔ جن مین ہر اسپشالٹی کے ماہر ڈاکٹرز سے خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ اسپتال میں تمام قسم کے اعلیٰ معیار طبی Labs بھی موجود ہیں۔