مسلمانوں کو خوفزدہ کرکے نریندر مودی دوبارہ اقتدار کیلئے کوشاں

   

جگن موہن ریڈی سیاسی مفادات کیلئے ’’ رنگ بدلنے ‘‘ والے قائد ، کرنول میں انتخابی جلسہ سے چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد /19 مارچ ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی پر دوہرے معیار کا موقف اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مسٹر جگن موہن ریڈی سے استفسار کیا کہ ان کی بے قاعدگیوں و کرپشن معاملتوں کی سی بی آئی تحقیقات پر انہیں کوئی بھروسہ یا اعتماد نہیں تھا تو اب مسٹر ویویکانندا ریڈی قتل واقعہ کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات پر اچانک بھروسہ و اعتماد مسٹر جگن موہن ریڈی کو کس طرح آگیا ؟ چیف منسٹر نے آج ضلع کرنول میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر جگن موہن ریڈی کو ہدف ملامت بنایا اور اپنے مفادات کیلئے مسٹر جگن موہن ریڈی کو رنگ بلدنے والے قائد سے تعبیر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر ویویکانندا ریڈی کے قتل واقعہ کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے قتل واقعہ کے بعد ثبوتوں کو مٹانے کی کوشش کی گئی ۔ یہاں تک کہ کمرے اور دیگر مقام پر پائے گئے خون کے دھبوں کو فوری طور پر دھودیا گیا ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا مسٹر ویویکانندا ریڈی کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد ٹانکے ڈالے گئے تو صرف خون کے دھبے دھو ڈالنے سے ثبوت کس طرح ختم ہوں گے ؟ قومی صدر تلگودیشم پارٹی نے کہا کہ نریندر مودی ملک کے مسلمانوں کو ڈرانے و دھمکانے کے متعدد حربے استعمال کر رہے ہیں ۔ بلکہ مسلمانوں کو کسی نہ کسی طرح خوف زدہ کرکے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ جبکہ تلگودیشم پارٹی نے طلاق ثلاثہ بل کی پرزور مخالفت کرکے مسلمانوں کی ہمت باندھی اور حکومت کی کوششوں کو ناکام بنانے کے اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی ان تمام کوششوں کے باوجود آج مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی تلنگانہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور مسٹر اسد الدین اویسی مسٹر نریندر مودی کی تائید کرتے ہوئے کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے جگن موہن ریڈی پر الزام عائد کیا کہ تلگودیشم پارٹی امیدواروں ماگنٹا اور اے پربھاکر ریڈی کو ڈرا دھمکاکر وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے پر مجبور کیا ۔