مسلمانوں کو رائے دہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا مشورہ

   

جنگاؤں میں بعد نماز جمعہ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کا خطاب

جنگاؤں ۔ 19 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی جنگاؤں ضلع نے نماز جمعہ کے بعد ایک مینار مکہ مسجد جنگاؤں میں مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مسلمان انتخابات کے وقت پولنگ بوتھس جانے کے لئے تیار نہیں رہتے مسلم محلہ جات میں ووٹنگ بہت کم ہوتی ہے۔ اسمبلی انتخابات کے وقت جائزہ لیا گیا تھا تو مسلم ووٹرس کم تعداد میں پولنگ کئے۔ ووٹ ہمارا بنیادی حق ہے ہم لوگوں کو رائے دہی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہئے۔ ہر ایک مسلم ووٹر اپنے اپنے گھروں میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کریں اور ووٹ دینے کے لئے پوری پوری کوشش کریں۔ یہ ملک تمام مذاہب کے ماننے والوں کا ہے۔ ہندوستان کی آزادی میں مسلمانوں کا اہم کردار ہے۔ آج تاریخ کو یاد نہیں کیا جارہا ہے۔ انگریزوں کے خلاف مسلمانوں نے لڑائی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ہم آج خاموش رہے تو بہت بڑا نقصان ہے۔ ہندوستان کا ہر مسلمان کو اپنے آپ کو آگے بڑھ کر ووٹ دینے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ ہندوستان میں مسلمانوں کی آزادی رہنے کے باوجود ہم رائے دہی کے وقت دور رہتے ہیں۔ آج مسلمانوں کو اُجاکر کرنے کے لئے ہر ایک تنظیم اور اردو اخبارات کے علاوہ علماء کرام، دانشور حضرات کوشش کررہے ہیں۔ اس کے باوجود مسلمان پولنگ کے وقت گھروں میں بیٹھے ہوئے رہتے ہیں۔ ہندوستان میں حکومت بنانے کے لئے آپ کا ووٹ بڑا قیمتی ہے۔ ہماری سستی اور کاہلی کی وجہ سے ہم کو نقصان ہو رہا ہے۔ آج ہمارے دستور میں تبدیلی لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کی فکر کرنا ضروری ہے۔ ہندوستان کے ہر شہری کو ووٹ دینا ضروری ہے یہ ہمارا حق ہے۔ ووٹر لسٹ میں نام ہے یا نہیں چیک کرلینا ضروری ہے۔ آپ کے ووٹوں سے ہی حکومت بنتی ہے آپ لوگ ووٹ کا حق استعمال کریں اور جو ہندوستان کو اچھی طرح چلاسکتے ہیں ان کے حق میں ووٹ دیں۔ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ کے انتخابات میں مسلمان زیادہ سے زیادہ ووٹ کے حق کا استعمال کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ خواب غفلت میں نہ رہیں ضرور ووٹ کا حق استعمال کریں۔