مسلمانوں کے اہم مسائل کے حل کا امیدواروں سے تیقن لینا ضروری

   

محبوب نگر میں مختلف سماجی تنظیموں کا اجلاس ، مسلم کنونشن ہال کی تعمیر،قبرستان کیلئے اراضی،مسلم آبادی کے لحاظ سے ڈبل بیڈ رومس اور دیگر امور پر نمائندگی کا عزم

محبوب نگر۔/21 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر کے مختلف سماجی تنظیمو ں کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس مستقر محبوب نگر پر منعقد ہوا جس میں طئے کیا گیا کہ عنقریب منعقد شدنی اسمبلی انتخابات میں امیدواروں کی قطعیت کے بعد مقابلہ کرنے والوں کے سامنے محبوب نگر حلقہ کے مسلمانوں کے بنیادی مسائل رکھے جائیں اور ان سے تیقن حاصل کیا جائے کہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وعدہ کے مطابق ان کی تکمیل کریں۔ مطالبات اس طرح ہیں: قلب شہر میں دو ایکر اراضی مسلم کنونشن ہال کے لئے 4 کروڑ کے ساتھ تعمیر کی جائے تاکہ غریب خاندان شادی بیاہ کے لئے استعمال کرسکیں۔ نظام ششم نواب میر محبوب علی خان بہادر کے نام سے شہر کی ایک سڑک کو موسوم کیا جائے، اس کے علاوہ ایک کشادہ ہال تعمیر کیا جائے ۔ آؤٹ سورسنگ ملازمتوں میں مسلم نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں۔ مستحق مسلم نوجوانوں کو سبسیڈی لونس فراہم کئے جائیں۔ ڈبل بیڈ رومس کی تقسیم میں مسلم آبادی 40 فیصد کے لحاظ سے مختص کئے جائیں ۔ محبوب نگر کی وقف اراضیا ت کا تحفظ بالخصوص سروے نمبر 77/78 میں شاپنگ کامپلکس قائم کیا جائے۔ غریب و مستحق مسلمانوں کو ملگیاں الاٹ کی جائیں تاکہ وہ روزگار سے جڑ جائیں۔ شہر کے اطراف میں قبرستانوں کیلئے 10 مقامات پر پانچ ،پانچ ایکر اراضی مختص کی جائے تاکہ مستقبل میں یہ مسئلہ نہ بنے۔ موجودہ اردو گھر شادی خانہ کو مرمت و تزئین نو کے ذریعہ استعمال کے لائق بنایا جائے۔اس موقع پر ٹی ایف ٹی یو سکریٹری ایس ایم خلیل، منہاج القرآن کے صدر میر شعیب علی، ایمان کمیٹی کے صدر محمد سلیم، آواز کمیٹی کے صدر عبدالقیوم کے علاوہ دیگر قائدین میں عامر سہیل، محمد سلمان، محمد فاروق خان، جلال الدین و دیگر موجود تھے۔